ہبلی :2/مئی (ایس او نیوز)ہبلی میں وزیرا علیٰ سدرامیا نے یڈیورپا پر گرجتے ہوئے کہاکہ جس یڈیورپا کو ایم پی شوبھا کرندلاجے اور اپنے بیٹے کو ہی ٹکٹ دلوانا نہیں ہوسکا ، وہ کیا خاک ہمارے تعلق سے بات کریں گے ۔یڈیورپا سب سے پہلے یہ بتائیں کہ ان کے بیٹے کو کن لوگوں کی وجہ سے ٹکٹ نہیں ملا۔ وہ یہاں ہبلی میں اخبارنویسوں سے بات کررہے تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ سنتوش، اننت کمارہیگڈے ، جگدیش شٹر اور ایشورپا نے متحدہ کوشش کرتے ہوئے یڈیورپا کے بیٹے کو ٹکٹ نہیں دینے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا کے بیٹے وجئیندرا ورونا میں پچھلے ایک ماہ سے گھر کئے ہوئے تشہیری مہم میں مصروف تھے، باپ نے ہائی کمان کی منظوری کے بعد ہی ورونا میں انتخابی تیاری کے لئے کہا تھا۔ اگر یڈیورپا کی پارٹی میں سب متحد رہتے تو وجئیندرا کو ضرور ٹکٹ ملنے کی بات کہتے ہوئے مذاق اڑایا۔
اپنی انتخابی تشہیری مہم کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے سدرامیا نےکہاکہ ہمیں شمالی کرناٹکا میں ہماری امیدوں سے زیادہ عوامی رجحان مل رہاہے، عوام ہمارے منصوبہ جات کے متعلق ستائشی کلمات پیش کررہے ہیں، میں خود بھی علاقے کی تشہیر ی مہم میں مشغول ہوں۔ لوک سبھا میں حزبِ مخالف لیڈر ملیکارجن کھرگے ، کانگریس کے ریاستی صدر جی پرمیشور ، ایندھن وزیر ڈی کے شیوکمار ریاست بھر میں پارٹی امیدواروں کے حق میں تشہیری مہم میں جٹے ہوئے ہیں، ہم سب متحد و متفق ہوکر کام کررہے ہیں۔
وزیرا عظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے دوران مودی نے دیوے گوڈا کو اولڈ ایج ہوم جانے کے لئے کہاتھا، اب یہ سب دیکھیں تو واضح ہوتاہے کہ جے ڈی ایس اور بی جےپی کا معاہدہ ہواہے۔ میں جے ڈی ایس پر بھی کڑی تنقید کرتاہوں، میسور علاقے میں صرف جےڈی ایس کو ہی نشانہ بنانے کی بات کہی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ سی ایم ابراہیم سمیت دیگر لیڈران موجود تھے۔